لاہور: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لئے متحرک ہوگئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نرخ اور سپلائی چین میکنزم سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کیا، خصوصی اجلاس میں سپلائی چین میکنزم اور اشیاء خورونوش کے نرخ پر تفصیلی بریفنگ لی، صوبے بھر میں سپلائی چین میکنزم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
مریم نواز شریف نے اشیاء خورونوش کے نرخ مناسب رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بے جا بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، بنیادی اشیاء ضروریہ کے نرخ عوام کی پہنچ میں ہونے چاہئیں، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا میکنزم درست کرنے سے مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول ممکن ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے سسٹم کو بہتر بنانے سے اخراجات میں مزید کمی ہوگی، بحران اور کمی کی صورتحال سے بچنے کے لئے سپلائی چین میکنزم کو فول پروف بنایا جائے۔
سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر زراعت عاشق حسین، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔