سب کو ملکر کراچی کو اون کرنا ہوگا، ہم ملک کی بہتری کیلئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں: مصطفیٰ کمال


کراچی: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) سینئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب کو ملکر کراچی کو اون کرنا ہوگا، ہم ملک کی بہتری کیلئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔


سینئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہرمیں شجر کاری مہم کا نہ رکنے والا سلسلہ آج قصبہ علی گڑھ بھی پہنچ چکا ہے، ہر انسان کو اپنی زندگی میں کم از کم آٹھ درخت لگانے ضروری ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے، عوام زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، اپنی گلیوں کو ہرا بھرا اور سرسبزوشاداب کرنے کی ضرورت ہے، آج کراچی میں جو کچھ بھی بنا ہے وہ اللہ تعالیٰ نے ایم کیو ایم کے ہاتھوں کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کراچی کے بچے گٹرمیں گر کر مر رہے ہیں، ہم کسی پر تنقید نہیں کر رہے مگر کراچی کی جانب اہل اقتدار کو توجہ دلانا چاہتے ہیں، کوٹہ سسٹم کے باوجود کراچی کے بچوں کو نوکریاں نہیں دی جارہیں۔

سینئر رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ کمپنیوں کے کراچی سے کاروبار منتقل ہونے کے سبب بچوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں بھی نوکری نہیں مل پارہی، کراچی پورے پاکستان کو معاشی قرضوں سے آزاد کرا سکتا ہے، کراچی کی مارکیٹ لالو کھیت کا ٹیکس بھی پورے لاہور سے زیادہ ہے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے سبب پورے ملک کی نسبت کراچی کے حالات بہتر ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی موجودہ قیادت نے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہا، ایم کیوایم پاکستان کی حکومت سے التجا ہے کراچی کے لاپتہ کارکنوں کو فی الفوربازیاب کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام تر شکایتوں اور ناانصافیوں کے باوجود پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور قدر کرتے ہیں، ارباب اختیار کراچی کے نوجوانوں کو ان کا جائز حق دیں یہ پاکستان کو مزید ترقی کی جانب لے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں