بیجنگ : (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) سپین کے نامور ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت بیجنگ میں جاری چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
21 سالہ کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک ،ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن جینک سنر کو شکست دے کر کیریئر کا 16 اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاری چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز اور 23 سالہ اٹالین ٹینس سٹار ٹاپ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن جینک سنرآمنے سامنے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں میں کانٹے دار مقابلہ ہوا تاہم سپین کے 21 سالہ کارلوس الکاراز نے جینک سنر کو 7-6(8-6)،4-6 اور 6-7(3-7)سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔
کارلوس الکاراز نے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ جینک سنر نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ دنیائے ٹینس کا ایک بہترین کھلاڑی ہے، جینک سنر کو فائنل میچ میں شکست دینا آسان نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اطالوی کھلاڑی کو شکست دینے کے لئے سرتوڑ کوشش کرنا پڑی، فٹنس مسائل سے نجات پانے کے بعد اب وہ بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
الکاراز نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید فتوحات حاصل کریں گے۔