وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے ارکان کو آئینی ترمیم بارے بریف کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے شدہ مسودے کی منظوری دی ہے، منظور شدہ مسود پر جمعیت علمائے اسلام بھی متفق ہے، کابینہ اجلاس میں پرانے مسودے کی منظوری دی گئی ہے۔



اس حوالے سے وفاقی وزیر مصدق ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے دیئے گئے مسودے کی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔

وزیراعظم کی آئینی ترمیم کی منظوری پر قوم کو مبارکباد

کابینہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کیلئے کابینہ نے بہترین فیصلہ کیا، پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملکی وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا،اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت کے استحکام کے بعد ملک کے آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلئے ایک سنگ میل عبور ہوا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے محنت جاری رکھیں گے۔

وزیرِ اعظم نے آئینی ترمیم کے معاملے میں تعاون پر اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں