لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) لاہور کی سیشن کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 18 جولائی کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج لاہور یلماز غنی نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر رشوت کا جھوٹا الزام عائد کیا، دعویٰ میں شہباز شریف نے لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست جمع کروائی جس کو عدالت نے منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر 18 جولائی کو جرح کے لیے طلب کرلیا۔
عدالت نے شہباز شریف کو 18 جولائی صبح دس بجے ویڈیو لنک پر پیش ہونے کا حکم دے دیا، فیصلے کے مطابق عدالت کا مقصد ہے کہ فریقین کو شواہد کی اجازت دے، اس کے بعد ٹھوس انصاف کرے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض کیاکہ اس سٹیج پر لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ لیگل نوٹس متعلقہ قانون کی سیکشن آٹھ کے مطابق نہیں جاری کیا گیا۔