آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے صدر آصف زرداری کا وزیراعظم سے رابطہ

اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا، شہباز شریف نے مسلم لیگ آزاد کشمیر امور کمیٹی کو پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا ٹاسک سونپ دیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مسلم لیگ ن کی کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور امیر مقام شامل ہیں اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات سے قبل کمیٹی نے مسلم لیگ آزاد کشمیر سے مشاورت شروع کر دی ہے۔

حکومت سازی کا حصہ نہیں: فاروق حیدر

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ ن لیگ آزادکشمیر میں حکومت سازی کے کسی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوگیا تھا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے، پارلیمانی پارٹی اس فیصلے پر قائم ہے اور اس میں تبدیلی کی قطعی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان قائرہ نے کہا کہ ن لیگ نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا تاہم ہمارے نمبرز پورے ہوتے ہیں تو حکومت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر مستعفی یا تحریک عدم اعتماد؟

ذرائع کے مطابق آزادکشمیر کے وزیراعظم چودھری انوارالحق مستعفی ہونگے یا ممکنہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے؟ اس سلسلہ میں چودھری انوار الحق نے مشاورت شروع کر دی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔

پارٹی پوزیشن

آزاد کشمیر اسمبلی میں ممبران اسمبلی کی مجموعی تعداد تعداد 52 ہے، پیپلز پارٹی کو حکومت سازی کیلئے 27 اراکین کی حمایت درکار ہو گی، آزاد کشمیر اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 17 ہے، مسلم لیگ ن اس وقت 9 ممبران اسمبلی کے ساتھ ایوان میں موجود ہے۔

پاکستان تحریک انصاف چار ممبران کے ساتھ ایوان میں موجود ہے، مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی ایک ایک رکن کے ساتھ ایوان میں موجود ہے، فارورڈ بلاک میں 20 ارکان اسمبلی شامل ہیں، مسلم لیگ ن کی حمایت سے پیپلز پارٹی کے پاس مجموعی تعداد 26 ہو جائے گی

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کر رکھا ہے، مسلم لیگ ن حمایت نہیں کرتی تو فاروڈ بلاک کے اراکین کی اہمیت بڑھ جائے گی، پیپلز پارٹی نے نمبر گیم پوری کرنے کیلئے فاروڈ بلاک کے اراکین رابطے تیز کر دیئے۔

یاد رہے کہ چودھری انوار الحق عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر پہلے ہی مستعفی ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں