بزنس کمیونٹی نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے خلاف پروپیگنڈا مسترد کر دیا

کراچی: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کیخلاف پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض ودیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس بہت اہمیت رکھتا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس سے یورپی ممالک کو برآمدات 3.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب ڈالر ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ اور معیشت کی لائف لائن جی ایس پی پلس ہے، آئی ایم ایف کے قرضے سے باہر آنے کے لئے ایکسپورٹ آخری حل ہے، پاکستان معاشی طور پر مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق جیتا، اب معرکہ معیشت بھی جیتنا ہے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کرے گی۔

ثاقب فیاض کا کہنا تھا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سٹیٹس کے تمام سٹینڈرڈ کو بآسانی پورا کر رہا ہے، پاکستان کے خلاف بھارت یورپی یونین میں تجارتی سازش میں مصروف ہے، پاکستان کے پاس جی ایس پی پلس سٹیٹس نہ رہنے سے ملکی برآمدات کا حجم زمین بوس ہو جائے گا۔

سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس سٹیٹس کے خلاف کچھ حلقے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، حکومت پاکستان معرکہ معیشت کا پلان مرتب کرے بزنس کمیونٹی شانہ بشانہ کھڑی ہے، جی ایس پلس درجے پر حکومت پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

نائب صدر ایف پی سی سی آئی امان پراچہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان اس وقت سخت معاشی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، بھارت چاہتا ہے پاکستان سے جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لے لیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں