تہران: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکام کو دھمکی دی ہے اگر انہوں نے سبق نہ سیکھا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ امریکہ نے ایران میں ایک بار پھر حملے کیے ہیں جن میں میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی ہے، امریکی فضائیہ نے ابھی ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے والے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس پر حملے کیے ہیں، انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، یہ ممکن ہے کہ وہ کبھی نہیں سیکھیں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل نہیں دکھا سکیں گے اور ہمیں وہ کام فوری طور پر مکمل کرنا پڑے گا جس کی ہم نے بہت کامیابی سے ابتدا کی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔





