عوام کو پٹرولیم قیمتوں پر عالمی منڈی سے زیادہ فائدہ دیا: علی پرویز

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پچھلے ہفتے پیٹرول کی قیمت جتنی قیمت کم ہوئی اس سے بڑھ کر ریلیف دیا گیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 130 ارب کی سبسڈی دی ہے، عالمی مارکیٹ میں قیمت جیسے ہی 76 ڈالر کی سطح پر آئے گی عوام کو ریلیف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پیرس کی عدالت میں ہے، کیس کی پیروی کررہے ہیں، ایرانی بھائیوں سے مل کر معاملات حل کریں گے، ایرانی صدر نے اسلام آباد امن معاہدہ کرانے میں شاندار کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے محرم الحرام کا پہلا عشرہ بخیریت گزر گیا، امن و امان کیلئے پاک فوج، وزیراعظم اور وزیراعلٰی پنجاب کو سراہتے ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ آج اس خطے میں امن ہو گیا، ایران امریکہ جنگ کا خاتمہ ہوا، جس کے بعد اب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پچھلے ہفتے جتنی قیمت کم ہوئی اس سے بڑھ کر ریلیف دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے فوری فائدہ عوام کو منتقل کیا اور ہم نے عالمی منڈی سے زیادہ فائدہ عوام کو دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ عناصر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں پر رہتے ہوئے آگے چلیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں