دوحہ / بیجنگ: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) ایران اور امریکا کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قطر اور چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، جنگی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکنے اور سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر کئے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لئے نقصان دہ ہیں۔
قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کو ایسے بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جائے اور ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھایا جائے۔
دوسری جانب چین نے بھی امریکا کی جانب سے ایران میں متعدد اہداف پر کیے گئے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کو دوبارہ بھڑکانا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے، انہوں نے زور دیا کہ فوجی کارروائیاں بنیادی مسائل کا حل نہیں ہوتیں اور تمام متعلقہ ممالک کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔
چینی حکومت نے ایران اور امریکا دونوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔





