محسن نقوی، طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی کی ملاقات

اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لیے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ سمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کی ہیں۔

برطانوی وزیر سٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکرٹری میتھیو میک ماہون بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں