لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں، ہمارے اوپر بہت مشکل وقت رہا، بربریت کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے بطور جماعت کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔
وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصب ملنے پر سر جھکا کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے، میرا وزیراعلیٰ منتخب ہونا ہر ماں، بہن اور بیٹی کیلئے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو جمہوری عمل میں شامل ہونا چاہیے تھا، اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے نہ ہونے پر افسوس ہے، اپوزیشن کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے، منصب کیلئے نامزد کرنے پر قائد نوازشریف، صدر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔