بیجنگ: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع نہیں ہونی چاہئے تھی، جنگ کا کوئی جواز نہیں، بحری راستے جلد کھلنے چاہئیں۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران تنازع کا حل نکالنا امریکہ اور ایران کے ساتھ ساتھ خطے کے ممالک کے لیے بھی فائدہ مند ہے، ہمیں جلد از جلد مذاکرات اور رابطے کے چینلز دوبارہ کھولنے چاہئیں، ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی جلد از جلد ہونی چاہیے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ صدر ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کے درمیان متعدد معاملات پر اتفاق رائے ہوا ہے، ایران جنگ کو شروع ہونا ہی نہیں چاہئے تھا، جنگ جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں، چین نے ہمیشہ مکالمے اور مذاکراتی عمل کی حمایت کی ہے۔
بیجنگ حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ایران مسئلہ کا فوجی حل آگے بڑھنے کا راستہ نہیں ہو سکتا، بحری راستوں کو جلد سے جلد کھولا جانا چاہئے، عالمی برادری کے بحری راستوں کو کھولنے کے مطالبے کا جواب دیا جائے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اورچینی صدر شی جن پنگ کی دوبارہ ملاقات ژونگ نان ہائی میں جاری ہے جو چینی قیادت کے لیے ایک انتہائی محفوظ کمپلیکس سمجھا جاتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یہاں صرف محدود تعداد میں صحافیوں کو اس کمپلیکس میں داخلے کی اجازت دی گئی، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ صدارتی قافلے کی آمد کے لیے سڑکیں خالی کر دی گئی تھیں اور راہگیر اس منظر کو اپنے موبائل فونز پر ریکارڈ بھی کرتے رہے۔





