ایران امریکا تنازع ختم کرنے کی صلاحیت صرف پاکستان کے پاس ہے: صدر آذربائیجان

باکو: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) صدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا ہے کہ ایران امریکا تنازع ختم کرنے کی صلاحیت صرف پاکستان کے پاس ہے۔

باکو میں چوتھے شوشا عالمی میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئےصدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امن کوششیں قابل ستائش ہیں، خطے کے امن کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فلیڈ مارشل کے عزم کو سراہتے ہیں۔

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا کہ امید ہے پاکستان ایک بار پھر خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں کامیاب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان صرف اپنی رکنیت کی معطلی یا منجمد کیے جانے پر ہی نہیں بلکہ کونسل آف یورپ سے مکمل انخلا پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہا ہے، ہم واضح طور پر اس تنظیم کو چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کونسل آف یورپ کے سیکریٹری جنرل الین برسے نے مجھ سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ ہم ایسا قدم نہ اٹھائیں اور تعلقات بہتر بنانے کا کوئی راستہ نکالیں۔

کونسل آف یورپ 46 رکن ممالک پر مشتمل ایک انسانی حقوق کی تنظیم ہے، جو یورپی یونین سے الگ ہے اور یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کی نگرانی کرتی ہے۔

اگرچہ آذربائیجان اب بھی کونسل آف یورپ کا مکمل رکن ہے، تاہم پارلیمانی اسمبلی آف دی کونسل آف یورپ میں اس کے وفد کے ووٹنگ کے حقوق 2024 میں معطل کر دیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں